قابض صہیونی فوج نے آج جمعرات کو علی الصباح مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران سابق فلسطینی وزیر برائے القدس امور انجینیر وصفی قبہا کو ان کےگھر سے حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے علی الصباح جنین میں البساتین کالونی میں سابق فلسطینی وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گھر سے اٹھا لیا گیا۔
اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر کی وصفی قبہا کی اہلیہ نے بتایا کہ دسیوں اسرائیلی فوجی بندوقیں تانیں ان کے گھر کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور گھر میں تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ شروع کردی۔ گھر میں تلاشی کی آڑ میں تباہی مچانے کےبعد صہیونی فوجی وصفی قبہا کو ایک جیپ میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وصفی قبہا کو اسرائیلی جیل سے رہا ہوئے صرف پانچ ماہ ہوئے تھے کہ انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسیر رہ نما کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر بار بار گرفتاریوں اور جیل میں قید رکھے جانے کے باعث کئی امراض کا شکار ہوچکے ہیں۔
انجینیر وصفی قبہاء مجموعی طورپر 15 سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں جس میں زیادہ عرصہ انتظامی قید پر مشتمل ہے۔
ادھر قابض فوج نے سابق اسیر اور انجینیر وصفی قبہا کے جیل کے ساتھی مہدی حیفاوی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔