اسرائیلی فوج نے بدھ کی شام فلسطینیوں کے ملکیتی ایک زرعی اور مویشی فارم پر بلڈوزر چلا دئے۔ یہ فارم غرب اردن میں نابلس شہر کے دوما قصبے میں واقع تھا جس سے متعلق قابض حکام کا دعوی تھا کہ اس میں مویشی رکھنے کی باقاعدہ اجازت نہیں لی گئی تھی۔
مرکز اطلاعات فلسطین نے قصبہ کے اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی نگرانی میں سول انتظامیہ کے اہلکار دو بلڈوزر اور گاڑیاں لیکر گاوں کے مشرقی حصے میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے مویشی رکھنے کے لئے بنائے گئے باڑے کو گرانا شروع کر دیا۔
قابض اسرائیلی حکام یہودی آباد کاروں کے لئے رہائش یا آوٹ پوٹس کی تعمیر اور توسیع کا کام بڑی دلجمعی سے کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے وہ غرب اردن، یروشلیم سمیت دوسرے مقبوضہ علاقوں سے فلسطینیوں کی بیدخلی کے ایک سوچےسمجھے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔