قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر سے دو کم عمر فلسطینی بچوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر شمالی بیت المقدس میں بیت حنینا میں یہودی آبادکاروں کی ایک بس پر سنگ باری کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ دونوں بچوں کی عمریں آٹھ اور 10 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی بچوں نے شاہراہ 20 پر یہودی آباد کاروں کی ایک بس کو سنگ باری کا نشانہ بنایا۔ گرفتار کیے گئے ایک بچے کی شناخت محمد مجدی عطیہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر آٹھ سال ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 22 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔