چهارشنبه 30/آوریل/2025

غرب اردن:اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن،28 فلسطینی گرفتار

پیر 12-مارچ-2018

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں آج اتوار کو گھرگھر تلاشی کی کارراوئیوں کے دوران سابق اسیران اور بچوں سمیت 28 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ ان میں بعض فلسطینیوں کو سنہہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں کام پر جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تلاشی کی کاروائیوں کے دوران چار فلسطینیوں کو یہودی آباد کاروں اور فوج پر مزحمتی کارروائیوں کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

نامہ نگاروں کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نے بیت لحم سے 21 فلسطینی مزدوروں کو شمالی فلسطین جاتے ہوئے راستے میں حراست میں لے  لیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار فلسطینیوں کے قبضے سے پٹرول بم اور دیگر ممنوعہ اشیاء بھی ملی ہیں۔ انہیں وادی اردن کے قریب سے شاہراہ ’90‘ سے گرفتار کیا گیا۔

ادھر رام اللہ کے نواحی علاقے البیرہ میں فائرنگ کے واقعے کےبعد اسرائیلی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے شہریوں کی نقل وحرکت پر پابندی لگا دی ہے۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو برقرار ہے اور اسرائیلی فوج گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ادھر مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس  بیت دجن کے مقام پر اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کر تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے ان شہریوں کی شناخت یاسر عدنان کعنان ابو ثابت، یوسف خالد کنعان ابو ثابت اور سیف خالد کنعان ابو ثابت کے ناموں سے کی گئی ہے۔ انہیں یہودی کالونی’ایتمار‘ کے قریب آنے کے الزام میں 3500 شیقل جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی