امریکی نائب صدر مائیک پنس کے دورہ اسرائیل کے خلاف فلسطین میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے ، بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں امریکی نائب صدر کی آمد کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شہریوں نے امریکی نائب صدر کےپتلے نذرآتش کیے اور امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب میں امریکی نایب صدر کو دھوکے باز اور صہیونیت نواز قرار دیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں سوموار کے روز نکالے گئے ایک جلوس میں ہزاورں فلسطینیوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھےتھے جن پر امریکی نائب صدر کے دورہ مشرق وسطیٰ کے خلاف نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں فلسطینی رہ نما جہاد رمضان نے کہا کہ فلسطینی قوم کو امریکی نایب صدر اور صہیونیت نواز امریکی لیڈر کا دورہ قبول نہیں۔ مائیک پنس خطے سے نکل جائے۔ امریکی نائب صدر فلسطینی قوم سے دشمنی اور صہیونیوں کے ساتھ ہرممکن معاونت کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نابلس کا احتجاج مظاہرہ امریکی حکومت کے خلاف فلسطینوں کا واضح پیغام ہے۔ فلسطینی قوم امریکی دھوکے بازوں اور صہیونیت نوازوں کو کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔
ادھر غرب اردن کے دوسرے شہروں اور غزہ کی پٹی میں بھی امریکی نائب صدرکے دورہ مشرق وسطیٰ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔