شنبه 16/نوامبر/2024

مصری انٹیلیجنس چیف کی غزہ میں اسماعیل ھنیہ سے ملاقات

بدھ 6-دسمبر-2017

مصر کے اعلیٰ سطح سیکیورٹی وفد نےفلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے موقع پرمصری حکام اور حماس کے اہم رہ نماء بھی موجود تھے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق حماس کےدفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مصرانٹیلی جنس چیف جنرل سامح نبیل،انٹیلیجنس وزیر بریگیڈٰیئر ھمام ابو زید اور فلسطین میں مصری قونصل جنرل خالد سامی بھی موجود تھے۔

حماس کی قیادت اور مصری وفد کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینیوں میں مصالحت ، فلسطین کی موجودہ صورت حال بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کے خطرناک عزائم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حماس قیادت اور مصری عہدیداروں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینیوں مصالحت کو آگے بڑھانے کے لیے مصری کردار کو سراہا گیا۔ اس موقع پر حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ نے یقین دلایا کہ ان کی جماعت تحریک فتح کے ساتھ طے پائے مصالحتی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

خیال رہے کہ اکتوبر2017ء کو مصر کی زیرنگرانی حماس اور فتح نے ایک قومی معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت فلسطین میں تمام نمائندہ جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت تشکیل دینے اور فلسطین میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم مصالحتی اعلان پر عمل درآمد میں رکاوٹیں پیدا ہونے کے بعد حماس نے فتح پر مفاہمت کو نقصان پہنچانے اور شرائط پرعمل درآمد سے فرار کا الزام عاید کیا تھا۔ حماس کا کہنا تھا کہ قومی مصالحتی اعلان کے بعد غزہ کی پٹی کے عوام کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

مصرنے فلسطینیوں کے درمیان مصالحتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے نگرانی اور مشاورت کا عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی