پنج شنبه 01/می/2025

قابض صہیونی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن، 23 فلسطینی گرفتار

پیر 4-دسمبر-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آج سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے وحشیانہ کریک ڈاؤن میں مزید 23 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ محروسین میں انسانی حقوق کے کارکنان، بچے اور سابق اسیران بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی شب چھاپہ مار کارروائیوں میں 22 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے بعض اسرائیلی تنصیبات اور یہودی آباد کاروں پر حملوں سمیت دیگر مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث فلسطینی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی شہر طولکرم میں ذنابا کے مقام پر تلاشی کے دوراھ اسلحہ بھی ضبط کیا گیا ہے۔

’قدس پریس‘ کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں الجلزون پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوروان اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مقامی رہ نما احمد زید کو حراست میں لیا گیا۔

احمد زید کو اسرائیلی فوج نےکئی سال تک حراست میں رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کیا تھا۔ اس کے علاوہ سابق اسیر احمد عوض اللہ کوبھی حراست میں لے لیا۔

شمالی شہر نابلس میں وادی التفاح کے مقام پر تلاشی کے دوران شہید زھیر کے بیتے رشید لبادہ کو حراست میں لیا گیا جب کہ راس العین کے مقام سے سابق اسیر حسنی العامودی کو گرفتار کیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق نابلس میں شاہراہ 24 سے یوسف سھیل ابو زنط کوان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نابلس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے بعد فلسطینی احتجاج کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس موقع پر احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ الخلیل شہر میں بیت امر قصبے میں گھر گھر تلاشی کے دوران 28 سالہ سابق اسیر شادی بحر کو گرفتار کیا گیا۔

ادھر بیت المقدس میں انسانی حقوق کے ذرائع کے مطابق محکمہ امور اسیران کے ایک وکیل ایاد مسک کو کفر عقب سے حراست مین لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ سلوان قصبے سے نوجوان علی حجازی دعنا کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

قابض فوج نے اللد شہر میں مقامی فلسطینی وکیل خالد زبارقہ کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ خالد زبارقہ اسرائیلی جیل میں قید تحریک اسلامی کےسربراہ الشیخ راید صلاح کے وکلاء میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بیت لحم سے 17 سالہ عیسیٰ محمد الھریمی، 14 سالہ عبدالرحمان عمرو عیسیٰ، 14 سالہ بلال صبیح کو حراست میں لیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی