قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے جنوبی قصبے یطا سے 10 فلسطینی کاشت کاروں کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یطا میں قائم مزاحمتی کمیٹی کے رابطہ کار راتب الجبور نے بتایا کہ صہیونی فوج نے یطا میں ’تل عامین‘ کے مقام پر کارروائی کرکے ’جبرین‘ قصبے کے 10 کسانوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
’قدس پریس‘ کے مطابق جبرین خاندان کے فلسطینی شہریوں کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے زیتون کے باغات میں کام کر رہے تھے۔
حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی شناخت علی یوسف جبرین، اس کے دو بھائیوں، محمد ، جاسر، انورعلی جبرین، باسم، عماد، یاسر، امجد محمد جبرین، یوسف اور علی کے ناموں سے کی گئی ہے اور ان کی عمریں 15 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ایک فلسطینی کسان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ اس واقعے کے بعد غرب اردن کے مختلف شہروں میں سخت کشیدگی اور خوف وہراس کی فضاء پائی جا رہی ہے۔