فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 18 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق بیت المقدس میں بدھ کی شام اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 16 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جب کہ دو فلسطینیوں کو غرب اردن سے حراست میں لیا گیا۔
بیت المقدس کے ایک مقامی سماجی کارکن محمد محمود نے بتایا کہ صہیونی فوج نے گرفتار فلسطینیوں کو بیت المقدس میں شاہراہ صلاح الدین پر قائم ’مسکوبیہ‘ نامی عقوبت خانے میں ڈال دیا ہے۔ بعض فلسطینیوں کو ’ابوغنیم‘ حراستی مرکز منتقل کیا گیا۔
بیت المقدس سے گرفتار شہریوں کی شناخت احمد محمد عشایر، عدی مروان الھدرہ، احمد عطوان ربایعہ، دانیال زھیر ابو نصرہ، عدنان موس الھدرہ، عدی فادی ابو جمعہ، سفیان فراس ابو الھویٰ، مھدی ابو الھویٰ، ابراہیم الصیاد، مصظفیٰ محمد ابو الھویٰم یوسف ابو الھویٰم وجیہ سبیتان۔ محمد عیسیٰ سطلیح، مہدی نبیل ابو الھویٰ، خالد رجائی ابو سبیتان، اور محمد محمود ابو سبیتان کے ناموں سے کی گئی ہے۔ ان شہریوں کی عمریں 14 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج نے بیت المقدس میں یہ اجتماعی کریک ڈاؤن چھاپہ مار کارروائیوں کےدوران مزاحمت کرنے کے الزام میں کیا اور بڑی تعداد میں شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر غرب اردن کے شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران بیت امر قصبے اور عقبہ جبر کیمپ سے دو فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔