قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج بدھ کو تلاشی کی کارروائیوں میں مزید 14 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔قابض فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تلاشی کے دوران ایک پستول اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فوج نے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک گاڑی ضبط کرلی جب کہ ایک گھر سے پستول برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
نامہ نگار کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں پناہ گزین کیمپ پر دھاوے کے دوران فلسطینی شہریوں نے احتجاج کیا اور قابض فوج پر سنگ باری کی۔ اس موقع پر صہیونی فوج نے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ قابض فوج نے جنین سے تین فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج نے جنین میں الحواشین، السعدیہ، الصفوری، اور الدمج کالونیوں میں چھاپے مارے۔
صہیونی فوج کی غنڈہ گردی کے خلاف فلسطینی شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ اس دوران صہیونی فوج نے بہجت الصفوری، مجاھد رجا ابو لھیجاء اور محمود حاتم الالوب کو حراست میں لے لیا۔
قابض فوج نے جنین میں محمود الناطور نامی شہری کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان کی لوٹ ماری اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو تشدد کانشانہ بنایا۔
الخلیل گورنری میں اسرائیلی فوج نے بیت امر میں چھاپوں کے دوران تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ ان میں اسلامی جہاد کے ایک سابق اسیر وحید ابو ماریا بھی شامل ہیں جو 20 سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید رہنے کے بعد کچھ ہی عرصہ قبل رہا ہوئے تھے۔