فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں آج منگل 19 ستمبر کو اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 16 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ کئی مقامات پر فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان تصادم اور جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی فوج نے ایک سابق اسیر کی اہلیہ کی کار بھی اس سے چھین لی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ منگل کے روز غرب اردن اور بیت المقدس میں تلاشی کے دوران ڈیڑھ درجن کے قریب فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق منگل کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں چھاپے مارے۔ جبل ابو رمان اور دورا کے مقامات سے دو فلطسینیوں عبد ولید السویطی اور محمود ھمدان الفسفوس کو حراست میں لے لیا۔
ابق اسیر سفیان جمجوم نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی الخلیل میں ابو رمان کے مقام پر ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ گھر میں توڑپھوڑ کی اور ان کی اہلیہ کے زیراستعمال ایک کار کو بغیر کسی وجہ کے قبضے میں لے لیا۔
قابض فوج نے تلاشی کے دوران صہیب قفیشہ اور عبدالحلیم قفیشہ کو حراست میں لینے کے بعد ان کے ایک بھائی نور قفیشہ کو خود کو حکام کے حوالے کرنے کا نوٹو جاری کیا ہے۔
غرب اردن کے شمالی شہر سلفیت میں تلاشی کے دوران کفل حارس کے مقام پر دھاووں میں متعدد شہریوں کو زدو کوب کیا گیا۔ شہر سے دو فلسطینی شہریوں محمد سالم ابو یعقوب اور اس کے 17 سالہ بیٹے سالم کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اس کے علاوہ ولید عبید اور اس کے بیٹے سترہ سالہ احمد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
شمالی شہر قلقیلیہ میں تلاشی کے دوران ایک شہری کو اپنے بیٹے کو پولیس کے حوالے کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا۔
شہر کے مشرقی علاقے خلہ الراعی سے عزالدین محمود اور اس کے بیٹے مُحمد کو گرفتار کیا گیا۔