پنج شنبه 01/می/2025

بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے دھاوے، متعدد شہری گرفتار

بدھ 6-ستمبر-2017

اسرائیلی فوج کی جانب سے آج منگل کو مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس کے مقامی ذرائع کاکہنا ہے کہ منگل کو اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں سلوان اور الطور کالونی میں گھر گھر کئی گھنٹے تک تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا۔

وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے سلوان میں عین اللوزہ کالونی میں تلاشی کے دوران 18 سالہ نوجوان امیر فروخ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سوموار کی شام کو بھی اسرائیلی فوج نے پرانے بیت المقدس کے علاقے الطور میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا۔ کئی نوجوانوں اور کم عمر بچوں کی بھی شناخت پریڈ کی گئی۔
بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے الطور قصبے میں تلاشی کےدوران 15 سالہ امیر حازم الصیاد، 14 سالہ محمد محمود ابو الھویٰ اور 14 سالہ داود ابو الھویٰ کو حراست میں لینے کے بعد شاہراہ صلاح الدین پر واقع تفتیشی مرکز منتقل کردیا۔

درایں اثناء اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے بیت المقدس میں متعدد فلسطینی خاندانوں کو مکانات خالی کرانے کے نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی انتظامیہ نے الشیخ جراح کے مقام پر واقع متعدد گھروں کو غیرقانونی قرار دے کرانہیں فوری طور پرخالی کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

الشیخ جراح کی مقامی دفاع اراضی واملاک کمیٹی کا کہنا ہے کہ قابض انتظامیہ نے عید کے ایام میں الشیخ جراح میں موجود فلسطینیوں کے چھ مکانات کو غیرقانونی قرار دے کر انہیں 30 دن کے اندر اندر خالی کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جن مکانات کو خالی کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ان میں 30 افراد رہائش پذیر ہیں جن میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی