اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے دفاع میں ریلیوں کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینی شہروں میں وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جس میں کم سے کم 18 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جگہ جگہ تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا۔ آج جمعرات کو دونوں مقبوضہ علاقوں سے ڈیرھ درجن فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر سلفیت سے انس خالد ابوعیاش، شعفاط کیمپ سے محمد ابو خضیر، قلقیلیہ میں اماتین سے محمد احمد عبید ارو صیدا سے مومن رداد، بیت المقدس میں العیساویہ سے احمد کاید محمود، اشرف جمال علیان، نضال الفروخ، محمد عصمت عبید، ندیم الصفد اور قصی الداری، جنین میں قباطیہ کے مقام سے عدنان رجا کمیل، مشرقی بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام سے متعدد شہریوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں۔
الجلزون کیمپ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں میں متعدد شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
طوباس سے عماد بنی عودہ، الیامون سے دو نوجوانوں الخلیل میں دورا کے مقام سے بھی متعدد شہریوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔