قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیاں کیں اور شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر کے شمال میں واقع بیت عمار قصبے پر علی الصباح چھاپا مارا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کے مطابق صیہونی فوجیوں نے متعدد گھروں کی تلاشی لی اور پھر کچھ گھروں کی چھتوں پر مورچے بنا کر بیٹھ گئے۔
قصبے سے واپسی سے قبل اسرائیلی فوج نے دو شہریوں کو عتصیون میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس دے دیا جبکہ ایک فلسطینی شہری کا شناختی کارڈ اس سے چھین لیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کے مطابق ان چھاپا مار کارروائیوں میں اسرائیلی فوج نے متعدد سابق اسیران کو ایک بار پھر سے اپنی قید میں لے لیا۔
اس کے علاوہ قابض اسرائیلی فوج نے قلقلیہ شہر پر چھاپا مارا اور ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق نوجوان کو اغوا کرنے کے بعد اس کی جائے منزل سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے شہر کے اردگرد مختلف علاقوں میں دو فوجی ناکے قائم کرلئے اور شہر بھر میں فوجیوں کی بڑی تعداد تعینات کردی۔
نابلس شہر میں عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے رجیب قصبے پر چھاپا مارا اور وہان پر تعمیر ہونے والی ایک نئی سڑک کا تعمیراتی سامان قبضے میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ یہ تعمیراتی کام ‘ایریا سی’ میں ہورہا تھا جو کہ اوسلو معاہدے کے تحت اسرائیل کے زیر تسلط ہے۔
دریں اثناء فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان بیت المقدس کے العیساویہ قصبے میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو کہ پیر کی صبح تک جاری رہے۔