چهارشنبه 30/آوریل/2025

فدائی حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں فلسطینی گرفتار

اتوار 2-اپریل-2017

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا ہے جس کے قبضے سے ایک تیز دھار چاقو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی نوجوان کے حملے میں رام اللہ میں ایک اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک مشتبہ فلسطینی نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ فوج کا دعویٰ ہے کہ گرفتار فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج پرحملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

گرفتار فلسطینی شہری کی شناخت نہیں کی گئی تاہم صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ اسے تفتیش کے لیے ایک حراستی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

اس واقعے کی آڑ میں اسرائیلی فوج نے کریک ڈاؤن شروع کیا اور   فلسطینی شہریوں کی 500 دکانیں بند کرادیں۔ اس سے قبل الخلیل شہر کے ایک ہزار فلسطینی دکانداروں سے جبرا ان کی دکانیں بند کرادی گئی ہیں۔

ادھر ایک دوسری پیش رفت میں رام اللہ میں فلسطینی نوجوانوں کے پتھراؤ سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔

اسرائیلی فوجی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجی مغربی رام اللہ میں نعلین کے مقام پر اس وقت زخمی ہوا جب فلسطینی شہری فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ فلسطینی مظاہرین نے صہیونی فوج کی ایک پارٹی پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے فوجی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی