فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں صہیونی فوج نے جنگی مشقوں کے آغاز کے ساتھ ہی فلسطینی قصبوں اور پناہ گزین کیمپوں پر چھاپہ مار کارروائی شروع کی ہے۔ گذشتہ روز جنگی مشقوں کی آڑ میں نابلس میں قائم دو پناہ گزین کیمپوں بلاطہ اور معسکر پر اسرائیلی فوجیوں نے دھاوے بولے، شہریوں کو گھروں میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا اور تلاشی کے بہانے قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اورلوٹ مار بھی کی گئی۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ 50 اسرائیلی فوجیوں نے جبل جرزیم اور شاہراہ القدس کے ساتھ ساتے حارہ الشیخ مونس اور بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپے مارے اور فلسطینی شہریوں کو ہراساں کیا۔
بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں داخل ہونے والے صہیونی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں پر تشدد بھی کیا۔ صہیونی فوجیوں اور بلاطہ کیمپ کے مکینوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور فلسطینیوں کی طرف سے قابض فورسز پر سنگ باری کی گئی۔