فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ فورسزکی فائرنگ سے چار عام شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ آج بدھ کو علی الصباح مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں الغاوی چوک میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے چاروں فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ چار فلسطینی ایک کار میں سوار تھے جب ان کی کار بلاطہ اور عسکر کیمپ کے درمیان الغاوی چوک میں پہنچی تو فلسطینی پولیس کی ایک گشتی پارٹی نے ان پر فائرنگ کردی۔
فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ترجمان عدنان الضمیری کا کہنا ہے کہ فلسطینی کار سواروں پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں فلسطینی نوجوان زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد مقامی شہریوں نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ کی مرکزی شاہراہ بند کردی تھی۔ فلسطینی وزارت صحت نے بھی پولیس کی فائرنگ سے چار نوجوانوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں دو کی حالت تشویشناک ہے جب کہ دو کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔