جمعه 15/نوامبر/2024

پٹرول بم حملے میں اسرائیلی فوجی جیپ نذرآتش،چار فلسطینی زیرحراست

پیر 5-ستمبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں سبسطیہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے پٹرول بم حملے میں اسرائیلی فوج کی جیپ نذرآتش ہو گئی۔ ادھراسی شہر کے عراق بورین قصبے میزں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائی کے دوران چار فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین نے عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ صہیونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان سبسطیہ کے مقام پر تصادم ہوا۔ فلسطینیوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی اور پٹرول بموں سے حملے کیے۔ پٹرول بم کے حملے میں اسرائیلی فوج کی ایک جیپ جل کر خاکستر ہو گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی گاڑی کو آگ اس وقت لگائی گئی جب قابض فوج کی ایک پارٹی نے رومانی گراؤنڈ میں لہرانے والے فلسطینی پرچم کواتارنے کی کوشش کی تھی۔ اس موقع پر فلسطینی شہری مشتعل ہو گئے اور انہوں نے قابض فوج پر پٹرول بموں سے حملوں کے ساتھ ان پر شدید پتھراؤ کیا، جس کے بعد اسرائیلی فوجی فلسطینی پرچم اتارنے میں ناکام رہے اور انہیں وہاں سے بھاگنا پڑا۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیونے فلسطینی پرچم اتار دیا تھا مگر احتجاجی  مظاہرے اور سنگ باری کے بعد صہیونی فوجی بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ فلسطینیوں نے پرچم دوبارہ لہرا دیا۔

سبسطیہ کلچرل سینٹر کے رکن مومن عازم نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم مقامی تاریخی ٹیلے پر اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوجیوں نے ٹیلے پر موجود فلسطینی پرچم اتارنے کی کوشش کی۔ فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی، جس کے جواب میں قابض فورسز نے فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر نابلس کے قصبے عراق بورین میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائی کے دوران چار فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

مختصر لنک:

کاپی