اسرائیل کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے زیرحراست فلسطینی نوجوان صحافیہ سماح دویک کو چھ ماہ باضابطہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ سماح پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ شوشل میڈیا پر اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیز مواد شائع کرتی رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی پولیس نے سماح دویک کو 10 اپریل 2016ء کو مشرقی بیت المقدس کے سلوان قصبے میں باب العامود کے مقام سے حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد سماح کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے خلاف عدالت میں ایک فرد جرم پیش کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ سماح دویک سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’’فیس بک‘‘ پر اسرائیل کے خلاف اشتعال پھیلانے میں ملوث ہے۔ گرفتاری کے بعد اسے متعدد حراستی مراکز میں منتقل کیا گیا۔ اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سماح دویک اس وقت ’’ھشارون‘‘ جیل میں قید ہے۔ یاد رہے کہ سماح دویک ’’قدس نیوز نیٹ ورک‘‘ کی نامہ نگار ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں اس وقت 20 فلسطینی صحافی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں سے بیشتر کو انتظامی حراست کی ظالمانہ پالیسی کے تحت قید میں ڈالا گیا ہے۔