سماجی رابطوں کی ویب سائٹ’ فیس بک’ کی صہیونی ریاست اور یہودی لابی کے آلہ کار کے طور پرکام کرنے کی پالیسی کے ضمن میں فلسطینی علما کونسل کا فیس بک اکائونٹ بھی بلاک کردیا ہے۔
دوسری طرف فلسطینی علما نے فیس بک کی اس جانبدارانہ اور غیر منصفانہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے علما کے اکائونٹ کی بندش کو ‘صہیونی پروگرام کی خدمت’ کے مترادف قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علما کونسل کے شعبہ اطلاعات کے انچارج حافظ الکرمی نے ایک بیان میں کہا کہ ‘فیس بک’ کی انتقامی کارروائی میں علما کونسل کا پیج بلاک کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علما کونسل کے فیس بک اکائونٹ کی بندش صہیونی پروگرام کی خدمت کے مترادف ہے۔
الکرمی نے مزید کہا کہ فیس بک کی طرف سے فلسطینی علما کونسل کا سوشل پیج بند کرنے کا یہ پہلا اقدام نہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی انتظامیہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت طویل عرصے سے فلسطینیوں کے خلاف ایسی ہی انتقامی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ فیس بک ارض فلسطین پر قابض اور غاصب صہیونیوں کا قبضہ مضبوط کرنے میں دشمن کی معاون ثابت ہو رہی ہے اور دوسری طرف مظلوم فلسطینیوں کواپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر ان کی آواز کو خاموش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیس بک مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کی جاری جنگ میں دشمن کے ہاتھ میں ایک آلہ کار ہے۔ فیس بک پر فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت میں مواد کو بلاک کرنا اسرائیلی ریاست کی اندھی حمایت کے برابر ہے۔
ڈاکٹر حافظ الکرمی کا کہنا تھا کہ فیس بک کی انتظامیہ صہیونی ریاست کے جرائم پر پردہ ڈالنے کےلیے سوشل میڈیا صفحات کو بلاک کررہی ہے تاکہ فلسطینی قابض ریاست کی دہشت گردی کو سوشل میڈیا کے ذریعے بے نقاب نہ کرسکیں۔