اسرائیل کا ایک سیکیورٹی وفد کل جمعرات کے روز فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی میں جنگی قیدی بنائے گئے اسرائیلی فوجیوں کی رہائی پربات چیت کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچا ہے۔ اسرائیلی وفد غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کےامور پربھی بات چیت کرے گا۔
اسرائیلی اخبار’گلوبز‘ کے مطابق قاہرہ کےدورے پرآنے والے وفد میں اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کے سینیر ارکان اور دیگر عہدیدار شامل ہیں۔ مصر کے دورے پرآنےوالے سرائیلی وفد کی قیادت نمرود نامی ایک عہدیدار کررہا ہے۔ اسرائیلی وفد فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے ڈیل کے روڈمیپ پر بات کرے گا۔
تین ہفتے قبل اسرائیلی وزیرخارجہ گیبی اشکنزئی نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی پر بات چیت کے لیے مصر کا دورہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ سنہ 2014ء کی غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے دوران القسام بریگیڈ نے چار اسرائیلی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا تھا۔ ان میں سے دو کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ تاہم اب ان کی حالت کے بارے میں کسی قسم کی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔