قابض اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کے روز غزہ کی محصور پٹی کے شمالی ساحلی علاقے سے فلسطینی ماہی گیروں پر حملہ کیا اور ساحلی پٹی کے مشرق میں سرحدی علاقے میں در اندازی کی۔
مچھیروں کی انجمن کے مطابق مشین گنوں سے لیس کشتیوں سے ماہی گیروں پر فائرنگ کی گئی اور غزہ کے شمالی ساحل سے انکا پیچھا کیا۔
غزہ کے جنوبی سمندری حدود بالخصوص خان یونس اور رفح کی سمت منگل کے روز بھی مبینہ طور پر قابض اسرائیلی فوج نے ایسا ہی حملہ کیا۔
بدھ اور گذشتہ روز ہونے والی فائرنگ میں خوش قسمتی سے کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا، تاہم جس علاقے میں اسرائیلی کشتیوں سے فائرنگ کی گئی وہاں سے ماہی گیروں کو واپس لوٹنا پڑا۔
درایں اثنا قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح مشرقی غزہ کے شہر کی جانب محدود پیمانے پر دراندازی کا ارتکاب کیا۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ آٹھ بکتر بند بلڈوزروں نے تین میرکافا طرز کے ٹینکوں کے حصار میں ایک اسرائیل فوجی چوکی سے الزیتون بستی کے مشرقی علاقے کی جانب پیش قدمی کی۔
سرحدی باڑ سے کئی میٹر فاصلے پر واقع بڑے زرعی قطعات اراضی کو بھاری مشینوں کے ذریعے ہموار کرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔