درجنوں ناجائز یہودی آباد کاروں نے قابض اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ ان یہودی آباد کاروں کو اسرائیلی پولیس بدھ کی صبح اپنی نگرانی میں مسجد اقصیٰ کے باب المغربیہ سے لائی تھی۔
اسلامی اوقاف کے مطابق یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ کے خلاف اور یہودی معبد کے بارے میں ربیوں نے لیکچر دیے اور ان سب نے مسجد اقصیٰ کے باب الرحمہ کے سامنے تلمودی رسومات انجام دیں۔
قابض اسرائیلی اتھارٹی نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا پورا نظام بنا رکھا ہے۔ تقریبا ہر روز یہودی آباد کار اس مذموم مقصد کے لیے لائے جاتے ہیں۔ صرف جمعہ اور ہفتے کا دن خالی رکھا جاتا ہے۔
اس دوران ہر روز صبح اور شام کے وقت مسجد اقصیٰ کے سب دروازے مسلمانوں کے لیے بند کر دیے جاتے ہیں ۔ کوئی فلسطینی اس دوران مسجد میں نہیں آسکتا ۔ صرف یہودی آباد کاروں کو اجازت دی جاتی ہے۔ وہ آتے ہیں اور تلمودی رسومات مسجد اقصیٰ کے صحن میں ادا کرتے ہیں۔