حماس کے سیاسی امور کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے الجزائر کے وزیرِ خارجہ رمضان لعمارہ سے فون پر بات کی اور انہیں عرب سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
حماس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان کے مطابق، ھنیہ نے الجزائر کی قیادت کی مخلصانہ اور انتھک کوششوں کو سراہا جو تین سال کے وقفے کے بعد عرب سربراہی اجلاس کے حالیہ دنوں انعقاد پر منتج ہوئی ہے۔
حماس کے رہنما نے ان قراردادوں اور الجزائر کے اعلامیے کو خراجِ تحسین پیش کیا جو سربراہی اجلاس کے شرکاء کی طرف سے منظور کیے گئے ہیں، نیز مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سربراہانِ مملکت یا ان کے سفیروں کی طرف سے جاری کردہ حمایتی موقف کو بھی سراہا ۔
انہوں نے فلسطینی مفاہمتی اعلامیے پر عمل درآمد کے لیے اپنی تحریک کے عزم کا بھی اعادہ کیا جس پر حال ہی میں الجزائر میں فلسطینی دھڑوں کے رہنماؤں نے دستخط کیے تھے۔
دریں اثنا، الجزائر کے وزیرِ خارجہ نے عرب سربراہی اجلاس کی کامیابی اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پائے جانے والے مثبت اشاریے پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے تصدیق کی کہ سربراہی اجلاس نے فلسطین اور عرب خطے میں اس کی مرکزیت کو تسلیم کیا ہے۔
یاد رہے، فلسطینی تنظیمات میں اختلافات دور کرنے کے لیے الجزائر نے گزشتہ ماہ حکومتی سطح پر کوششیں کی تھیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔