جمعه 15/نوامبر/2024

کوئی طاقت فلسطینی قوم کو دشمن کے سامنے جُھکا نہیں سکتی: خالد مشعل

ہفتہ 23-اپریل-2016

اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ عالم اسلام اور عرب دنیا کی جانب سے فلسطینیوں کی مالی ، سیاسی، سفارتی مدد جاری رہی تو وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطینی قوم بھی آزادی کی فضاء میں سانس لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم نے تمام تر مشکلات کے باوجود یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دشمن کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں "شکریہ ترکی” کے زیرعنوان منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی عوام نے دشمن کی ہر طرح کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فن سیکھا ہے۔ غزہ کی پٹی کےعوام قابض دشمن کے خلاف مسلسل برسرپیکار ہیں وہ اسرائیل کی مسلط کردہ پابندیوں کو توڑنے کے لیے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

خالد مشعل نے غزہ کی پٹی کے عوام کی مشکلات اور شہریوں کے جذبہ حریت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ  پورے فلسطین کی عزت وقار کا دوسرا نام ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینی قوم کو صہیونی دشمن کے سامنے جھکنے پرمجبور نہیں کرسکتی۔

حماس رہ نما نے فلسطینیوں کے حقوق کی کھل کرحمایت کرنے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام اور حکومت کو عالم اسلام کی مشکلات کا احساس ہے، جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس وقت ترکی نے لاکھوں پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھا رکھا ہے۔ غزہ پر جب اسرائیل نے ننگی جارحیت مسلط کی تو ترکی کے ساتھ ہم مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ترکی میں مقیم عرب طلباء نے حال ہی میں ترکی کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرنے کے لیے "شکریہ ترکی” کے عنوان سے تین روزہ سیمینار کا اہتمام کیا ہے۔ کل جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے سیمینارکی تقریبات کل اتوار 24 اپریل تک جاری رہیں گی۔

ترکی میں منعقدہ کانفرنس سے بیرون ملک فلسطینی علماء کونسل کے چیئرمین نواف التکرروی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے فلسطینی قوم پر بے شمار احسانات ہیں۔ صرف فلسطینیوں پرنہیں بلکہ ترک حکومت اور قوم نے پوری مسلم امہ کی مشکلات کے حل کے لیے بھرپور مدد کی ہے۔ امت مسلمہ جس نازک دور سے گذر رہی ہے اس میں ترکی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مختصر لنک:

کاپی