جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ میں بدامنی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے: ھنیہ

بدھ 18-مئی-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بد امنی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سابق وزیرداخلہ فتحی حماد اور غزہ کے سیکیورٹی چیف میجر جنرل توفیق ابو نعیم کی قیادت میں ان کے دفتر میں ملنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

اس موقع پرانہوں نے کہا کہ غزہ کی عدالتوں سے جرائم پیشہ عناصر کو دی گئی سزاؤں کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔ غزہ میں قومی حکومت کے موثر کردار نہ ہونے کی وجہ سے سیاسی اختلافات کو ہوا دینے والے عناصر کو تقویت مل رہی ہے۔

اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ حماس تمام  اداروں کے ساتھ غزہ میں قیام امن کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی عدالتی فیصلوں میں رخنہ اندازی کی کسی سازش کو کامیاب ہونے دیا جائے گا۔

حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ غزہ میں عدالتیں منصفانہ اور سیاسی دباؤسے آزاد ماحول میں فیصلہ صادر کررہی ہیں۔ ان فیصلوں سے انہی عناصر کو اعتراض ہوسکتا ہے جو غزہ میں بدمنی پھیلانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ حماس ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سےنمٹے گی۔

مختصر لنک:

کاپی