جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی پولیس کی جانب سے نیتن یاھو پر کرپشن الزامات کی خفیہ تحقیقات

منگل 14-جون-2016

اسرائیلی کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ حال ہی میں وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو پر کرپشن کے الزامات کے بعد پولیس نے خفیہ طور پر ان الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ان کی تفصیلات منظرعام پرنہیں لائی جا رہی ہیں۔

عبرانی ٹی وی 2 کے مطابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کرنے والی ’’اھاف 433‘‘ نامی پولیس کی یونٹ سرگرم ہے جو خفیہ طور پر وزیراعظم کی مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کر رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے پولیس  اور انسداد بدعنوانی کے محکمے کے حکام مشترکہ طور پر وزیراعظم کے خلاف جاری تحقیقات میں حصہ لے رہے ہیں، تاہم ان تحقیقات کی تفصیلات سے ذرائع ابلاغ کو مطلع نہیں کیا جا رہا ہے۔

اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم سے ہونے والی تحقیقات کی براہ راست نگرانی پراسیکیوٹر جنرل افیخائی منڈلبلیٹ اور انسپکٹرجنرل پولیس رونی الشیخ خود کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ چند ہفتے قبل اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف عدالت میں دائر ایک درخواست میں الزام عاید کیا گیا تھا انہوں نے اپنے گھروں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی آڑ میں قومی خزانے کو پھکی لگائی اور غیرقانونی طورپر رقوم حاصل کی تھیں۔

قبل ازیں اسرائیل کے اسٹیٹ کنٹرولر کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں الزام عاید کیا گیا تھا کہ وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ نے قومی خزانے سے اپنے گھروں کی تعمیرو آرائش کے لیے بھاری رقوم حاصل کی تھیں۔ اس کےعلاوہ وزیراعظم نے فرانس کے ایک یہودی ارب پتی سے بھی ذاتی ضروریات کے لیے بھاری رقم حاصل کی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی