فلسطین کے مختلف مقامات پر گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کی، جس کے نتیجے میں کم سے کم دو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ بمباری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پرعمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی سیکیورٹی ذریعے نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز جنوبی غزہ میں القسام بریگیڈ کے ’’بدر‘‘ اور ’’ابو جراد‘‘ مراکز پر بمباری کی۔ ابو جراد کے مقام پر ایک میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں سمیت کئی مکانات تباہ ہو گئے۔
مشرقی غزہ میں اسرائیلی جیٹ طیاروں سے الزیتون کالونی میں حسنین نامی شہری کی ایک ورکشاپ پر بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں دو فلسطینی زخمی ہوئے اور فیکٹری کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ زخمی ہونے والے دونوں شہریوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر شمالی غزہ میں بھی اسرائیلی فوج نے بیت لاھیا کے مقام پر بمباری کی۔ بیت حانون کے مقام پر بھی بمباری کی اطلاعات ہیں ۔