مفتی اعظم فلسطین اور فلسطین کی سپریم افتاء کونسل کے چیئرمین الشیخ محمد حسین نے 1437ھ کی عید قربان کے لئے نماز کے اوقات کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کے مطابق فلسطین میں نماز عید 10 ذی الحج بہ مطابق 12 ستمبر بہ روز سوموار صبح چھ بج کر 55 منٹ پر ادا کی جائے گی۔
انہوں نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ شہداء اور اسیران کے بچوں کا خاص خیال رکھیں۔ ان کی مدد کریں اور شہداء اور اسیران کے گھروں میں جا کر ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کریں۔
مفتی اعظم فلسطین نے شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عید کی خوشیوں میں شہداء اور اسیران کے بچوں کی دلجوئی کریں اور قربانی میں انہیں ضرور یاد رکھیں۔
الشیخ محمد حسین کا کہنا ہے کہ صاحب ثروت شہری غریب اور محتاج شہریوں، پڑوسیوں اور اقارب کا خیال رکھیں اور تمام شہری صلہ رحمی کو اپنا شعار بنائیں۔