فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ میں کام کے دوران حادثے کے نتیجے میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کا ایک کارکن شہید ہو گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وسطی غزہ میں المغازی کے مقام پر سرنگ کی کھدائی کے دوران تودہ گرنے سے ایک کارکن کی شہادت پر حماس نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
القسام بریگیڈ کی جانب سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز المغازی قصبے میں زیرزمین سرنگ کی کھدائی کے دوران تودا گرنے سے جماعت کا ایک کارکن 22 سالہ انس سلامہ ابو لاشین جام شہادت نوش کر گیا۔
بیان میں ابو لاشین کی شہادت کی تصدیق کے ساتھ اس کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انس ابو لاشین نے فلسطینی قوم کے دفاع میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانی پیش کی ہے۔
ادھر فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابو لاشین کا جسد خاکی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کے پوسٹ مارٹم کے بعد اس جسد خاکی ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں المغازی میں شہید کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد اسے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی سنہ 2007ء سے اسرائیل کے خوفناک محاصرے کا شکار ہے۔ فلسطینی شہری اور مزاحمتی تنظیمیں صہیونی فوج کی ممکنہ جارحیت کے دفاع کے لیے زیرزمین سرنگیں کھودنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سرنگوں کی کھودائی اور ان کی تیاری ایک مشکل اور جان لیوا کام ہے جس میں متعدد فلسطینی مزاحمت کار شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔