اسرائیلی بحریہ کی بحر احمر میں گذشتہ روز سے وسیع پیمانے پر جنگی مشقیں جاری ہیں۔ ان مشقوں کے دوران سمندر میں مزاحمت کارروائیوں کی روک تھام کے طریقوں، ریسکیو اور فرضی زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیے جانے کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ جنگی مشقوں اسرائیل کو درپیش جزیرہ سیناء اور خلیج ایلات میں داعش کی طرف سے لاحق خطرات کے پیش نظر کی جا رہی ہیں۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کو جزیرہ نما سینا کے ساحلی علاقوں سے دولت اسلامی’داعش‘ کے حملوں کا خطرہ ہے۔ اس خطرے کے انسداد کے لیے نیوی کو پہلے سے تیار کیا جا رہا ہے۔
بحر احمر میں جاری فوجی مشقوں کے بارے میں صہیونی حکام نے مصر اور اردن کو بھی مطلع کیا ہے۔ خیال رہے کہ صہیونی نیول فورس نے رواں سال مارچ میں بھی بحر احمر میں فوجی مشقیں کی تھیں۔