فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو جلد پیرس میں ملاقات کی دعوت دی ہے۔
فرانسیسی اخبار’لوفیگارو‘ نے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر اولاند نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کو آئندہ دو ہفتوں کےدوران پیرس میں منعقدہ مشرق وسطیٰ امن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ یہ کانفرنس پیرس کی میزبانی میں دو ہفتوں کے اندر اندر بلائے جانے کا امکان ہے۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیرس کی میزبانی میں مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کے انعقاد کا مقصد فلسطین۔ اسرائیل کشمکش کے خاتمے کے لیے فریقین میں بات چیت کا عمل بحال کرنے کی کوشش ہے۔ فرانس کی میزبانی میں ہونے والی مشرق وسطیٰ کانفرنس میں فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل پر باہمی بات چیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
فرانسیسی اخبارکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر محمود عباس نے فرانسیسی صدر کی دعوت قبول کرلی ہے تاہم صہیونی ریاست کی جانب سے اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ادھر فلسطینی اتھارٹی کے ایک ذمہ دار نے کہا ہے کہ صدر محمود عباس صدر اولاند کی دعوت پر فرانس میں امن کانفرنس میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔
تل ابیب میں فرانسیسی سفیر ھیلین لوگال نے رواں ہفتے کے اوائل میں اسرائیلی وزیراعظم کے مشیر یعقوب ناجل سے رابطہ کیا گیا تھا اور ان سے وزیراعظم کی پیرس کانفرنس میں شرکت سے متعلق موقف معلوم کرنے کی کوشش کی گئی مگر مسٹر ناجل نے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔