جمعه 15/نوامبر/2024

حماس کا’ابابیل ڈرون‘طیاروں کے ماسٹر مائنڈ کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

اتوار 18-دسمبر-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں تیونس کےشہر صفاقس میں نامعلوم افراد کے قاتلانہ حملےمیں شہید ہونے والے فلائیٹ انجینیر انجینیر محمد الزواری تنظیم کے عسکری شعبہ سے وابستہ تھے اور انہوں نے فلسطین میں مقامی سطح پر ’ابابیل‘ نامی ڈرون طیاروں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

القسام بریگیڈ کی جانب سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد الزواری کی شہادت میں اسرائیل کے خفیہ ادارے’موساد‘ کا ہاتھ ہے۔ حماس نے ابابیل طیاروں کے منصوبہ ساز کی شہادت کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور الزواری کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

فلسطینی خبر رساں اداروں کے مطابق ’حماس‘ کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ جمعرات کے روز تیونس کے علاقے صفاقس میں قاتلانہ حملے میں شہید کئے جانے والے فلائٹ انجینئر محمد الزواری تنظیم کے اہم رہنما تھے۔ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کو الزواری کی شہادت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے قتل کا بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔

القسام بریگیڈ کے ایک فوجی بیان میں بتایا گیا کہ 49 سالہ فلائٹ انجینئر محمد الزواری کو بزدل اسرائیل نے جمعرات کے روز تیونس کے شہر صفاقس میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر شہید کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "الزواری کا قتل مزاحمت اور القسام بریگیڈ پر ایک وار ہے اور دشمن جانتا ہے کہ ہمارے کمانڈر کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔”

تیونس کی پارلیمنٹ میں اکثریتی جماعت تحریک نہضت اسلامی نے حکومت سے جمعہ کے روز ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ وہ الزواری کے قتل کا سراغ لگائے اور ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دے۔

تیونس وزارت داخلہ کے مطابق محمد الزواری کو جمعرات کے روز نامعلوم افراد نے صفاقس شہر کے علاقے العین میں ان کے گھر کے سامنے گاڑی پر گولیاں برسا کر شہید کر دیا تھا۔

القسام بریگیڈ نے اپنے فوجی بیان میں بتایا تھا کہ "شہید کمانڈر القسام کے زیر استعمال ابابیل نامی ڈرون طیارے بنانے میں مہارت رکھتے تھے جنہیں تنظیم نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر 2014 میں مسلط کی جانے والی جنگ کے دوران کامیابی سے دشمن کے خلاف استعمال کیا تھا۔”

بیان کے مطابق: "کمانڈر الزواری نے دس برس قبل فلسطینی تحریک مزاحمت میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ القسام بریگیڈ کے صف اول کے رہنما تھے جہاں انہوں نے صہیونی دشمن کے خلاف مزاحمت کے متعدد عملی منصوبوں پر کام کے دوران اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا۔”

تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ "الزواری کی شہادت عرب قوم اور ملت اسلامیہ کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے کیونکہ دشمن کے ایجنٹ خطے کے ممالک میں کھل کھیلتے ہوئے انتہائی گھٹیا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ایسے بزدل ہاتھوں کو کاٹ دیا جائے۔”

درایں اثنا حماس نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے مغربی علاقے میں نامعلوم فوجیوں کے نام سے موسوم گراؤنڈ میں کل بروز اتوار مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے "بیت عزاء” کا اہتمام کیا جائے گا جہاں محمد الزواری شہید کے چاہنے والے انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔

مختصر لنک:

کاپی