اسرائیلی جیل میں بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طوراحتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیر عمار الحمور کی ہڑتال دوسرے ماہ میں داخل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکنوں نے عمار الحمور کی صحت کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی جیل میں قید بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیرعمار الحمور کے اہل خانہ اور دیگر شہریوں نے اسیر کے آبائی شہر جنین کے جبع قصبے میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں دسیوں فلسطینی شہریوں نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ اسیر الحمور کو دوسری مرتبہ عسقلان جیل سے ایچل جیل میں منتقل کرنے کےبعد قید تنہائی میں ڈال دیا تھا۔ اسیر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ الحمور کو دوسرے قیدیوں اور پوری دنیا سے الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ وہ مسلسل بھوک ہڑتال اور قید تنہائی کے باعث سنگین نوعیت کی مشکلات کا شکار ہیں۔
ادھر جبع قصبے کے چیئرمین بسام جرار نے کہا کہ اسیر الحمور کے اہل خانہ اور دیگر شہری الحمور کی قید تنہائی اور انتظامی حراست کے ختم کیے جانے تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔