فلسطین کے مقبوضہ مغربی مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک شہید فلسطینی شہری کی نماز جنازہ کے موقع پر فلسطینی شہریوں اور قابض صہیونی فوج کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم سے کم 34 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے، تصادم میں چار اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ تصادم اس وقت ہوا جب غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں بیت امر اور العروب پناہ گزین کیمپ کے درمیان شہید فلسطینی خالد الخلیل کی نماز جنازہ کا جلوس گذر رہا تھا۔ صہیونی فوج نے نماز جنازہ کے جلوس کو روکنے کی کوشش کی جس پر مشتعل فلسطینیوں نے صہیونی فوج پرسنگ باری کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق صہیونی فوج نے جنازے کے شرکاء پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 34 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
اسی شہر میں مصطفیٰ برادعیہ شہید کے جنازے کے جلوس پر بھی صہیونی فوج نے اشک آور گیس کی شیلنگ کی۔ خیال رہے کہ دونوں شہداء کو صہیونی فوج نے شہید کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی قبضے میں لے لیے تھے۔ گذشتہ جمعہ کو ان فلسطینی شہداء کے جسد خاکی دیگر پانچ شہداء کے جسد خاکی کے ہمراہ ان کے ورثاء کے حوالے کیے گئے تھے۔
فلسطینی تنظیم ہلال احمر کے مطابق بیت امر میں اسرائیلی کی آنسوگیس کی شیلنگ سے 20 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ 10 فلسطینی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔