جمعه 15/نوامبر/2024

صہیونی حکومت نے بیت المقدس میں 390 مکانات کی تعمیر کی تیاری شروع کر دی

بدھ 11-جنوری-2017

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں قائم اسرائیل کی نام نہاد بلدیہ کے زیراہتمام پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے شمال مشرقی بیت المقدس میں گرین لائن سے باہر شعفاط کے مقام پر 390 مکانات کی تعمیر کی منظوری دینے پر غور کیا ہے۔

اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان مکانات کی منظوریہ حالیہ ایام میں دی جانا تھی مگر امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے فلسطین میں یہودی آباد کاری کے خلاف خطاب کے بعد ان مکانات کی منظوری کا عمل روک دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنی ایک حالیہ تقریر میں فلسطین میں یہودی آباد کاری کے خلاف سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کا دفاع کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں میں یہودی بستیوں  کی تعمیر و توسیع عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ذرائع کے مطابق صہیونی بلدیہ ’راموت شلومو‘ کالونی میں 170 مکانات کی تعمیر کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ راموت کالونی میں 220 مکانات اور ایک یہودی معبد کی تعمیر کی تیاری کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ قابض صہیونی ریاست کی بلدیہ بیت المقدس شہر میں ہزاروں نئے مکانات کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے۔ سنہ 2016ء کے دوران صہیونی بلدیہ نے بیت المقدس میں 5600 نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا جس پر عالمی برادری کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی