اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہےکہ فلسطینی قوم اپنے ’ہیرو‘ مازن فقہا کا خون معاف نہیں کرے گی۔ وقت زیادہ دور نہیں جب کہ فقہاء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں شہداء کی یادگار کی تنصیب کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مازن فقہا کے قاتل سزا سے کسی صورت میں نہیں بچ سکیں گے۔ فلسطینی قوم اور مزاحمتی تنظیمیں جس موقف پر آج کھڑی ہیں مستقبل میں اسی موقف پرہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے۔ اس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے اور شہید حماس کمانڈر مازن فقہا کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ حماس کے رہ نماؤں اور کارکنوں پر قاتلانہ حملے اسی دشمن کی سازش ہیں جس نے غزہ کی پٹی پر معاشی پابندیاں عاید کر رکھی ہیں۔ مگر فلسطینی قوم دشمن کی مسلط کردہ پابندیوں سے خوف زدہ اور کمزور نہیں ہوں گے۔ حماس فلسطینی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ دشمن کے خلاف کھلی جنگ میں بھرپور معاونت کرے گی۔
حماس رہ نما نے کہا کہ مازن فقہا کے خون سے اپنے ہاتھ رنگنے والے مجرم اس زمین پر زندہ نہیں رہ سکیں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں غزہ کی پٹی میں نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملے میں حماس کے کمانڈر مازن فقہا کو شہید کردیا تھا۔ حماس نے اس سنگین جرم کا الزام اسرائیل پرعاید کیا ہے۔ غزہ میں سیکیورٹی فورسز نے مازن کے قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر رکھی ہے۔