یکشنبه 17/نوامبر/2024

’ریمون‘ ’مجد‘ جیلوں کے60 فلسطینی اسیران بھوک ہڑتال میں شامل

پیر 24-اپریل-2017

اسرائیلی جیلوں’ریمون‘ اور ’مجد‘ میں پابند سلاسل مزید 60 فلسطینی شہریوں نے اجتماعی طور پر بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال پر نظر رکھنے کے لیے قائم کردہ ’فالو اپ‘ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘مجد‘ جیل کے مزید 40 اور ‘ریمون‘ جیل کے 20 اسیران نے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔

خیال رہے کہ فلسطینی اسیران کی بڑی تعداد نے 17 اپریل کو اسرائیلی مظالم کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ آج یہ بھوک ہڑتال آٹھویں روز میں جاری ہے۔ اسرائیلی جیل انتظامیہ اور فوج نے فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کے لیے تمام حربے استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے مگر دشمن کی تمام تر سازشوں کے علی الرغم اسیران نہ صرف بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں بلکہ ہڑتال کرنے والوں کی صف میں مزید اسیران بھی شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

فلسطینی محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران کی طرف سے قیدیوں کی بھوک ہڑتال پر نظر رکھنے کے لیے ایک مشترکہ فالو اپ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی انتظامیہ نے’عوفر‘ کے سوا باقی تمام قید خانوں میں پابند سلاسل اسیران کو ان کے وکلاء سے ملنے سے روک دیا ہے۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ صہیونی انتظامیہ ایک منظم منصوبے کے تحت فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال معطل کرانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسیران کے حوالے سے اسرائیلی انتظامیہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیاں کررہی ہے۔ بھوک ہڑتالی اسیران کو دباؤ میں لانے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی