اسرائیل نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں واقع فوجی نوعیت کے اہداف پر جمعرات کی صبح پانچ فضائی حملے کئے ہیں۔
لندن میں قائم انسانی حقوق آبزرویٹری کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد دمشق بین الاقوامی ہوائی اڈے پر زور دار دھماکے سنے گئے جس کے بعد حملوں کی جگہ سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
ادھر برطانوی خبر رساں ایجنسی "رائیٹرز” نے شامی اپوزیشن کے حوالے سے بتایا کہ دمشق ہوائی اڈے کے اس حصے کو نشانہ بنایا گیا ہے جسے ایران کی سپورٹ اور حمایت حاصل ہے۔
الغوطہ میڈیا سینٹر نے دھماکے کے بعد ایک ویڈیو جاری کی ہے جو کافی دور سے بنائی گئی ہے۔ روسی خبر رساں ادارے "سپٹنک” کے مطابق اسرائیلی فوج نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی فوجی تنصیبات پر پانچ حملے کیے ہیں۔