مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی اور اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نماز اور اذان پر عاید کردہ پابندیوں کے پر غور کے لیے اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کا ہنگامی اجلاس آئندہ سوموار کو جدہ میں طلب کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق او آئی سی کی جانب سے تنظیم کے مستقل مندوبین کو مطلع کردیا گیا ہے کہ وہ آئندہ سوموار کے روز جدہ پہنچیں جہاں قبلہ اول کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق او آئی سی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس آئندہ سوموار کو ہوگا جس میں حرم قدسی کی موجودہ صورت حال، مسجد اقصیٰ پراسرائیلی پابندیوں، مسجد کے باہر لگائے گئے برقی دروازے اور دیگر غیر قانونی صہیونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔