فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہررام اللہ اور جنوبی علاقے الخلیل میں دو الگ الگ واقعات میں یہودی آباد کاروں نے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کے روز الخلیل شہر میں عنوۃ کے مقام پر کریات اربع کالونی سے آئے یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے فلسطینی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہودی شرپسندوں نے فلسطینی شہریوں کےگھروں اور گاڑیوں پر سنگ باری بھی کی جس کے نتیجے میں گھروں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعد شہری زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق عنوۃ کے مقام پر یہودی آباد کاروں کے تشدد سے مقامی سماجی کارکن ابو عماد جابر اور تین دیگر شہری زخمی ہوئے جب کہ جوابی سنگ باری میں ایک یہودی آباد کار بھی زخمی ہوا ہے جسے ایمبولینس کی مدد سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
یہودی آباد کار کے زخمی ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر فائرنگ بھی جس کے نتیجے میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا۔
ادھر اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شمال مغربی رام اللہ میں یہودی آباد کاروں کےایک گروپ نے جیبہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں پر سنگ باری کی۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق 70 یہودی آباد کار حلیمیش یہودی کالونی سے نکل کر فلسطینی قصبے میں دخل ہوگئے۔ یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر سنگ باری کے ساتھ ساتھ فائرنگ بھی کی۔