فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل میں قید ایک 35 سالہ فلسطینی مریض معتصم طالب داؤد رداد معدے میں سوزش کے باعث شدید تکلیف میں ہیں اور ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معتصم رداد معدے میں انفیکشن کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔ معدے میں موجود انفیکشن کے باعث ان کے جلد پر بھی اس کے داغ پڑنے لگے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر مریض اسیر کا فشار خون مسلسل بلند ہو رہا ہے۔
فلسطینی اسیرکے وکیل معتز شقیرات کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی جیل میں قید اپنے موکل سے ملاقات کی ہے۔ غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم کے صیدا قصبے کے رہائشی معتصم رداد کی حالت کافی حد تک تشویشناک ہے۔
معدے میں پیدا ہونے والی تکلیف نے ان کی بینائی بھی متاثر کی ہے جب کہ انہیں دائیں کندھے میں بھی شدید تکلیف کی شکایت ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کا کہنا ہے کہ اسیر معتصم رداد اسرائیلی زندانوں میں مریضوں میں سب سے خطرناک نوعیت کے مریض ہیں۔ ان کے معدے میں موجود انفیکشن کے نتیجے میں خون جاری ہوگیا ہے۔ خون میں کولسٹرول کی مقدار بڑھ گئی ہے جب کہ ہڈیوں میں بھی تکلیف ہے۔