فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں اسلامی جہاد کے رہ نماؤں اور کارکنان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جماعت کے کارکنوں اور رہ نماؤں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن جاری ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسلامی جہاد کے رہ نماؤں کی گرفتاری کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری فلسطینی اتھارٹی پرعاید ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی حکام کے ہاتھوں جماعت کے کارکنان اور رہ نماؤں کی گرفتاریاں بنیادی شہری آزادیوں کو کچلنے اور انسانی حقوق پامال کرنے کے مترادف ہے۔
اسلامی جہاد نے فلسطین کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں نمائندہ سماجی اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عباس ملیشیا کے ہاتھوں نہتے شہریوں کی گرفتاریوں کے خلاف مل کر آواز بلند کریں گے۔
خیال رہے کہ اسلامی جہاد نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ ایام میں فلسطینی ملیشیا نے غرب اردن کے شہر رام اللہ میں کفر نعمہ اور بیت سیرا کے مقامات پر جماعت کے رہ نماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد رہ نماؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔