یورپی یونین نے فلسطینی پناہ گزینوں اور غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے مزید 1 کروڑ 5 لاکھ یورو کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ ’رفح‘ پر یورپی مبصرین کی تعیناتی کی تیاریاں قریبا مکمل کرلی گئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میں متعین یورپی یونین کے ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یونین فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کے تحت رفح گذرگاہ پر اپنے مبصرین تعینات کرنے کے لیے تیار ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین رفح گذرگاہ پر اپنے مبصرین کی تعیناتی کے حوالے سے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ رفح گذرگاہ پر یورپی مبصرین کی تعیناتی کا مقصد گذرگاہ پر فلسطینیوں کی بیرون ملک آمد ورفت کو آسان بنانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قاہرہ میں گذشتہ 12 اکتوبر کو طے پانے والے فلسطینی مصالحتی معاہدے اور اس کی روشنی میں یکم نومبر کوغزہ کی گذرگاہوں کا کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کو سپرد کیے جانے کے بعد یورپی یونین گذرگاہوں پر مبصرین تعینات کرنے کے لیے تیار ہے۔ یورپی یونین غزہ کی پٹی اور غرب اردن کو ایک اتھارٹی اور حکومت کی عمل داری میں لانے کا خیرمقدم کرتی ہے۔