قابض صہیونی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ فوج نے غزہ کی پٹی سے متصل سب سے بڑی یہودی کالونی’گوش ڈان‘ میں فلسطینیوں کے ممکنہ راکٹوں کو روکنے کے لیے خود دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ نصب کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاروں کو غزہ کے قریب نہ جانے کے احکامات بھی دیے ہیں اور تین مقامات پر سیاحت کے لیے آنے سے سختی سے روک دیا گیا ہے۔
صہیونی فوج کی طرف سے یہودیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کی دیوار فاصل کے قریبی تین مقامات تلہ الاجراس، تلہ نزمیت اور یادگار[سیاہ تیر] کے قریب نہ آئیں کیونکہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے کسی بھی وقت کسی قسم کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے متصل سمندری حدود بالخصوص زیکم ساحل پر یہودیوں کو آنے سے روک دیا ہے۔
یہ پیش رفت 30 اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ پر اسرائیلی بمباری اور اس کے نتیجے میں 12 فلسطینیوں کی شہادت کے تناظر میں دیکھی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کو خدشہ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار سرنگ پر حملے کا بدلہ لینے کے لیے کسی بھی وقت کوئی کارروائی کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے بیت المقدس کے اطراف میں بھی آئرن ڈوم سسٹم نصب کیے تھے۔