جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ:الشفاء اسپتال میں صفائی عملے کے بعد ڈاکٹروں نے بھی ہڑتال کردی

منگل 13-فروری-2018

فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی کے الشفاء اسپتال میں صفائی کے عملے کی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجا بھوک ہڑتال کے بعد ڈاکٹروں نے بھی ہڑتال شروع کی ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق طبی عملے نے احتجاج اسپتال میں صفائی کا نظام ناقص ہونے اور صفائی کے عملے کے احتجاج پر کیا ہے۔ ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ صفائی کےعملے کی طرف سےہڑتال اور کام سے بائیکاٹ کے بعد اسپتال میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اسپتال گندگی سے اٹے پڑے ہیں۔

ڈاکٹروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صفائی کےعملے کے مطالبات پورے کرے یا اسپتال میں صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے۔

قبل ازین فلسطین میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر غزہ میں طبی عملے بالخصوص الشفاء اسپتال کے صفائی کے عملے نے بہ طور احتجاج کام چھوڑ ہڑتال شروع کی ہے، جس کے باعث الشفاءمیڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کے آپریشنزکا عمل معطل ہوگیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ الشفاء اسپتال کے صفائی کے عملے نے کل اتوار سے ہڑتال شروع کی ہے۔ صفائی کے عملے کے ساتھ دیگر ملازمین نے بھی ان کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے ہڑتال میں حصہ لیا جس کےباعث روٹین کے آپریشنز معطل ہیں جب کہ صرف ہنگامی حالت کی سرجری کی جا رہی ہے۔

الشفاءاسپتال کے طبی عملے کا کہنا ہے کہ صفائی کے عملے کی جانب سے احتجاج ان کا حق ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسپتال کے ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہی نہیں دی گئی ہیں، جس کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈاکٹروں اور دیگر عملے نے صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے کارکنوں کو فوری طورپران کی تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کا علاقہ گذشتہ گیارہ سال سے اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار ہے۔ حالیہ مہینوں کےدوران غزہ میں ایندھن اور بجلی کی سپلائی معطل ہونے کے بعد اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں صفائی کی ذمہ دار کمپنیوں کی طرف سے عملے کو تنخواہیں نہ دینے کے نتیجے میں اسپتالوں میں صفائی کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔ صفائی کے نجی عملے کی ہڑتال کے باعث اسپتالوں کی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی