اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے بتایا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں عباس ملیشیا نے جماعت کے کارکنان سمیت چھ سیاسی کارکن گرفتارکرلیے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا نے تلاشی کی کارروائی کے دوران چھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ تمام فلسطینیوں کی گرفتاری سیاسی بنیادوں پر عمل میں لائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا نے طولکرم میں علار قصبے میں تلاشی کے دوران چھ فلسطینی سیاسی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ ان کی شناخت عمرابراہیم شدید، تامر روف خندقجی، ابراہیم توفیق جیبات، اسعد عمید ابو عدہ، شادی باسم جعار اور لیث جعار کے ناموں سے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں طولکرم شہرمیں اسرائیلی فوجی گاڑی کے قریب بم دھماکہ کرنے کےواقعے کے بعد اسرائیلی فوج اور عباس ملیشیا نے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔
ادھر طولکرم کے مقامی ذرائع نے فلسطینی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیاسی کارکن احمد صباح کو 13 دن کے لیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رام اللہ میں جنرل انٹیلی جنس حکام کے مطابق سیاسی بنیادوں پر حراست میں لیے گئے فلسطینی راسم عاصی کو پندرہ دن کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔