فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی زمینی اور فضائی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے دونوں فلسطینیوں کو سپرد خاک کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دونوں فلسطینی شہری سالم صباح اور عبداللہ ابو شیخہ کو اسرائیلی فوج نے مشرقی گزہ میں توپ خانے سے گولہ باری کے دوران شہید کردیا تھا۔
دونوں شہداء کی نماز جنازہ الجنینہ کالونی میں مسجد عباد الرحمان میں ادا کی گئی جس کے بعد دونوں شہداء کو مشرقی شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
دونوں شہداء کا تعلق باب السلام کالونی سے ہے اور ان کی عمریں سترہ سال بیان کی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نےغزہ کی پٹی پر مختلف مقامات پر زمینی اور فضائی حملے کیے تھے جن میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ جب کہ دو فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا تھا۔
فلسطینیوں کی شہادت سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد کے قریب ایک بم دھماکے میں چار اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔