جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ کی معیشت بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں: یو این

بدھ 21-فروری-2018

اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ نیکولائے میلاڈینوف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کا سیاسی اور اقتصادی ڈھانچہ بدترین تباہی سے دوچار ہو چکا ہے۔ غزہ کی معیشت کو بچانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سےخطاب میں میلاڈینوف نے کہا کہ غزہ کے معاشی بحران کو ہرصورت میں بچانا ہوگا۔ آج سے اگر فوری اور موثر اقدامات نہیں کیے جاتے تو اس کے نتیجے میں غزہ میں بدترین معاشی بحران اور انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور سلامتی کونسل کے مندوبین بھی موجود تھے۔

’یو این‘ مندوب کا کہنا تھا کہ فلسطینی دھڑوں کےدرمیان مصالحت کے باوجود غزہ میں انسانی بحران میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ غزہ کے اقتصادی اور معاشی بحران کے حل کے لیے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو غزہ میں اداروں اور اقتصادی ڈھانچہ مکمل تباہی سے دوچار ہوسکتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کی امداد بند نہ کرے۔ فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکی جائے اور غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے انسانی بحران کا دورانیہ 12 سال پر محیط ہے۔ جب کہ فلسطینی اتھارٹی نے گذشتہ برس اپریل سے غزہ کی پٹی پر انتقامی پابندیاں بھی عاید کر رکھی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی