اسرائیل کی انتہا پسند مذہبی جماعتوں اور مسجد اقصیٰ کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی پرچارک جماعتوں نے 13 مئی کو بیت المقدس پراسرائیلی فوج کے تسلط کی یاد میں مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے اور اجتماعی مذہبی رسومات ادا کرنے اپیل کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی انتہا پسند گروپوں کے ’اتحاد تنظیمات ہیکل‘ نے ایک بیان میں یہودیوں پر زور دیا کہ 13 مئی کو مسجد اقصیٰ میں جمع ہو کر بیت المقدس پر قبضے کی یاد میں جشن منائیں اور اجتماعی مذہبی رسومات ادا کریں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق یہودی تنظیموں کی طرف سے تقسیم کردہ ایک پیغام میں یہودیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’قومی دن‘کی نسبت سے خصوصی طورپر تیارکردہ کھانوں اور سویٹس سے لطف اندوز ہونے کے لیے جشن میں شرکت کریں۔
نامہ نگار کے مطابق دوسری جانب فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کے دھاووں کو روکنے کے لیے مسجد اقصیٰ میں حاضری کو یقینی بنانے اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اجارہ داری کے قیام کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں۔
خٰیال رہے کہ یہودی آباد کاروں کے مسلسل دھاووں کے باعث مسجد اقصیٰ میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ کچھ عرصے سے اسرائیل کی انتہا پسند مذہبی جماعتیں جنہیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل سرپرستی حاصل رہتی ہےنے قبلہ اول پردھاووں میں اضافہ کردیا ہے۔ ہر نام نہاد مذہبی یا قومی دن پر یہودیوں کو مسجد اقصیٰ میں جمع کیاجاتا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی جاتی ہے۔
اسرائیل میں 13 مئی کو بیت المقدس پر قبضے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس روز صہیونی فوج نے مغربی بیت المقدس پر اپنا غیرقانونی فوجی تسلط جمایا تھا۔